ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اُردویونیورسٹی میں ثقافتی پروگرام’ امنگ ‘کا انعقاد

اُردویونیورسٹی میں ثقافتی پروگرام’ امنگ ‘کا انعقاد

Sat, 10 Nov 2018 18:12:16    S.O. News Service

حیدر آباد10نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس اونیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب کے سلسلے میں کل شام 7 بجے ’’امنگ‘‘ کے زیر عنوان ڈراموں اور دیگر ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیاگیا۔یہ تمام پروگرام یونیورسٹی کے شعبۂ ماس کمیونیکیشن اور جرنلزم کے اسسٹنٹ پروفیسر جناب معراج احمد کے زیر ہدایت تیار کیے گئے تھے۔ پروگرام کا آغاز سیدعلی غفران کی حمد سے ہوا۔اس کے بعد مولانا ابولکلام آزادکی اہلیہ زلیخا بیگم کی علالت اور وفات پرمولانا کے ذریعے حبیب الرحمٰن خاں شروانی کو لکھے گئے خط کی ڈرامائی پیش کش ایم اے ایم سی جے کے طالب علم نوشاد نے کی۔امنگ کی تیسری کڑی کے طور پرڈراما ’’جادوگر‘‘ پیش کیا گیا جس میں سیاسی رہنماؤں کی بدعنوانی، رشوت خوری اور مفادپرستی پر چوٹ کی گئی گئی تھی۔اس میں شہباز نے جادوگر، ضیأ اللہ نے جمورا،وشنو پریہ نے ڈاکٹر اور عاقب نے نیتا کا کردار ادا کیا۔ پروگرام کی اگلی کڑی ’’انٹری نیشنل ‘‘ میں پولیس اور میڈیا کی رشوت خوری اور بدعنوانی کو اجاگر کیا گیاتھا۔اس میں ایم اے ایم سی جے کے طالب علم طلحہ عباسی نے پولیس انسپکٹر، نجیب نے حوالدار،نجمہ نے مس میڈیا ، ماہین نے مس سوشل اور علیشہ نے مس لوکل کا کردار ادا کیا۔ پروگرام کی اگلی پیش کش’’ رنگ نگری‘‘ بھارتیندو کے مشہورطنزیہ ڈرامے ’’اندھیر نگری چوپٹ راجا‘‘ پر مبنی تھی ۔اس میں طلحہ عباسی نے راجا، ضی�أ اللہ نے ہریا، صادق نے بھورا، امیر خسرو نے نیلامبر،نزاکت نے پیتامبر، فرید نے لالو،نجیب نے کالیا،عالیہ کوثر نے آگنتک اور ماجد نے آگنتک کا کردار موثر انداز میں ادا کیا۔ پروگرام کی آخری کڑی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مبنی ایک میوزکل پلے تھا جس میں یاسر، غلام جیلانی، مریم ،ایاز،ایثار اور فہیم نے اداکاری کے جلوے دکھائے۔ان تمام پروگراموں کی تیاری میں ہدایت کار جناب معراج احمد کے ساتھ تمام طلبا و طالبات نے جی جان سے محنت کی اور اس کا ثمرہ ناظرین کی تالیوں کی گونج کی شکل میں ڈھائی گھنٹے تک چلنے والے پروگرام میں مسلسل ملتا رہا۔اس موقعے پر طلبا وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے یونیورسٹی کے نائب شیخ الجامعہ پروفیسر شکیل احمد، رجسٹرار ڈاکٹر ایم اے سکندر،ڈپٹی پراکٹر ڈاکٹر محمد یوسف خاں، پبلک ریلیشنز آفیسر جناب عابد عبدالواسع کے علاوہ تدریسی و غیر تدریسی عملے کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔پروگرام دیکھنے کے لیے اوپن ایئر آڈیٹوریم میں طلبا و طالبات کا اژدہام تھا۔ جناب اقبال خان،جناب مظفر حسین،جناب حبیب احمد، جناب زبیر احمدو دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا۔ایم اے ایم سی جے کی طالبہ مشیرہ نے پروگرام کی دلکش نظامت کی اور آخر میں یونیورسٹی این ایس ایس سیل پروگرام کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد فریاد نے اظہار تشکر کیا۔اتوار 11؍ نومبر کو 11 بجے دن یونیورسٹی کے باب الداخلہ سے آزاد رن کا اہتمام کیا جائے گا۔ این ایس ایس پروگرام کو آرڈینیٹر ڈاکٹر محمد فریاد اس کے کنوینر ہیں۔ شام میں 6 بجے قومی یومِ تعلیم کے موقعے پر ڈراما ’’لال بستہ‘‘ اوپن ایئر آڈیٹوریم میں پیش کیا جائے گا۔ یہ ڈرما انکت نے تحریر کیا ہے ۔ جناب معراج احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ایم سی جے اس کے ہدایت کار اور کنوینر ہیں۔


Share: